سی سی پی او لاہور کا غیر معیاری یونیفارم پر سخت ایکشن فیصلہ

 سپروائزری افسر جوابدہ، ٹریفک قوانین اور رجسٹریشن اصولوں پر مکمل عملدرآمد لازمی  ہوگی
یونیفارم، سرکاری و نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس منظور شدہ نمونے کے مطابق رکھنے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کی ڈسپلن، یونیفارم معیار اور گاڑیوں کے استعمال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔سی سی پی او لاہور نے پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ منظور شدہ پیٹرن کے مطابق ہی یونیفارم استعمال کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر منظور شدہ ڈیزائن یا ماڈل کی یونیفارم پہننے والے ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے افسران و اہلکاروں کو تنبیہ کی کہ وہ جعلی یا بغیر نمبر پلیٹ گاڑی اور موٹر سائیکل ہرگز استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری یا نجی گاڑی/موٹر سائیکل پر غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ کا استعمال سنگین خلاف ورزی ہے اور اس پر بھی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس میں موجود ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی یونیفارم، سرکاری و نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کو منظور شدہ نمونے کے مطابق رکھنے کی باقاعدہ نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران ماتحت عملے کی خلاف ورزی کی صورت میں براہِ راست جوابدہ ہوں گے۔