غیر معیاری انٹر نیٹ سروس پر کمیٹی کااحتجاج، ایکشن کی ہدایت

 حلقوں میں نیٹ بہتر نہیں کروا سکتے تو پھر کمیٹی میں بیٹھنے کا فائدہ نہیں ،ارکان
 فائیوجی کی نیلامی کے بعد انٹرنیٹ کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئیگی، پی ٹی اے 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ممبران نے ملک بھر میں غیر معیاری انٹرنیٹ سروس پر احتجاج و تحفظات کا اظہار کیا ہے، ممبران کے مطابق اگر اپنے حلقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس بہتر نہیں کروا سکتے تو پھر قائمہ کمیٹی میں شامل ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید امین الحق کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی نے ملک میں انٹرنیٹ کی مجموعی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ انٹرنیٹ کوریج سے متعلق مسائل کئی سالوں سے برقرار ہیں۔ پی ٹی اے کی جانب سے متعدد سروے کیے جانے کے باوجود اس حوالے سے کوئی خاص پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ کمیٹی نے پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں جامع سروے کرے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کے معیار اور کوریج کو بہتر بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ انٹرنیٹ سروسز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی ممبران کے حلقوں میں خصوصی سروے کرائے جائیں اور اس کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ فائیوجی کی نیلامی کے بعد ملک میں انٹرنیٹ کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی، اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبے کوجلد ہی حتمی شکل دینے کی امید ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ "ڈیجیٹل میڈیا بل 2025 میں فحاشی اور بے حیائی کی روک تھام" کو آئندہ اجلاس تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔