محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام جیلوں میں یکساں ڈیزائن اور رنگ کی یونیفارم لاگو کرنے کا حکم دے دیا
لاہور (زیڈ این این) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی جیلوں میں تعینات افسران اور اہلکاروں کے لیے یونیفارم کو یکساں کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ یونیفارم کے واضح رنگ، ڈیزائن اور سٹائل کے حوالے سے رنگین کتابچہ تیار کیا جائے اور اس کی کاپیاں تمام جیلوں کو فراہم کی جائیں تاکہ عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔تفصیلات کے مطابق جیل اہلکاروں کے لیے نئی یونیفارم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شرٹ گرے بلیکش رنگ کی ہوگی جس میں دو فرنٹ پاکٹس ہوں گے۔ سردیوں میں فل بازو اور گرمیوں میں ہاف بازو شرٹ پہننا لازمی ہوگا، جب کہ پینٹ کا رنگ خاکی ہوگا۔مزید یہ کہ یکم اپریل سے 30 ستمبر تک گرمیوں کے دوران اہلکاروں کے لیے گول نیک یا کریو نیک گریش بلیک ٹی شرٹ (فل یا ہاف بازو) اور خاکی پینٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اس سے بلند عہدوں پر تعینات افسران کے لیے یونیفارم میں بوش کوٹ اور جیکٹ شامل ہوں گے، جب کہ خواتین افسران کے لیے یونیفارم میں شرٹ فراک یا قمیض اور خاکی رنگ کی شلوار شامل ہوگی۔