توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم آج تک عائد نہ ہو سکی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈ میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔وکیل صفائی سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی نئے مقدمات کی ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ گئی ہیں اور انہوں نے وہاں سرنڈر کر دیا ہے۔ وکیل صفدر نے عدالت سے درخواست کی کہ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی جائے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ملزمہ عدالت میں پیش ہو جائیں گی۔
تاہم، سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں، لہٰذا ان کے خلاف بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔اس پر عدالت نے کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی، جس کا مطلب ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے مزید وقت دیا گیا ہے۔