پنجاب حکومت کی جانب سے تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام کل پنجاب یونیورسٹی میں لانچ کیا جائے گا، جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ مریم نواز کریں گی۔
یہ سکالرشپ پروگرام صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب یونیورسٹی میں لانچنگ تقریب کا دورہ کیا۔ اس دوران، انہوں نے تقریب کے مقام پر تمام انتظامات کا تکنیکی جائزہ لیا اور کنٹریکٹر کو انٹیرئیر ورک کے غیر تسلی بخش معیار پر سرزنش کی۔ وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ انٹیرئیر ورک کو فوراً بہتر کیا جائے تاکہ پروگرام کی لانچنگ پر کوئی دشواری نہ ہو۔اس سکالرشپ پروگرام کے لیے 68 ہزار سے زائد طلباء نے درخواستیں جمع کرائیں، اور یہ سکیم 65 یونیورسٹیوں، 359 کالجز، اور 12 میڈیکل کالجز کے طلباء کے لیے ہے۔
اس پروگرام کی مالیت 130 ارب روپے ہے، جس کا مقصد ہر سال 30 ہزار نوجوانوں کے تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدلنا ہے۔ سکیم کے تحت انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے طلباء کو مکمل ٹیوشن فیس فراہم کی جائے گی، جو 4 سے 5 سال تک کی مدت کے لیے ہوگی۔یہ سکالرشپ پروگرام صرف پنجاب کے 22 سال سے کم عمر اور 3 لاکھ روپے سے کم آمدن والے شہریوں کے لیے دستیاب ہوگا۔ سکیم میں 68 مختلف ڈسپلنز اور مضامین کے طلباء کو سکالرشپ دی جائے گی، جو ان کی تعلیم میں معاون ثابت ہوگی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس سکیم کو تعلیم دوست وزیراعلیٰ کا شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید کی کرن ثابت ہوگا۔