وفاقی کابینہ: انتہا پسندی روکنے کیلئے قومی پالیسی بنانے کی منظوری

 ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری بھی دیدی
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کیلیے قومی پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔وزیراعظم ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس پر مختلف منصوبوں اور سفارشات کی منظوری دی گئی۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائیرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔