پیپلز پارٹی کو بھی گورنر راج کے بارے میں علم نہیں، آئین میں گنجائش موجود ہے
سہولت کاروں کے ساتھ میچ سنگجانی تک فکس تھا‘ مگر ڈی چوک پہنچ گیا:گورنر خیبرپختونخوا
اسلام آباد(آئی این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی دھرنوں سے نہیں عدالتوں کے ذریعے ہی باہر آسکتے ہیں۔ صوبے میں گورنر راج لگا تو میں ان سے نمٹ لوں گا۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج سے متعلق کسی بات کا علم نہیں اور ٹی وی سے پتہ چلا کہ کابینہ اجلاس میں گورنر راج کی بات ہوئی۔ پیپلز پارٹی کو بھی گورنر راج کے بارے میں علم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج کی دھمکی نہیں دی بلکہ صرف کہا آپشن موجود ہے۔ تاہم گورنر راج کی آئین میں گنجائش موجود ہے۔ ایک وزیراعلی وفاق پر حملہ آور ہونے کی بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سہولت کاروں کے ساتھ میچ سنگجانی تک فکس تھا۔ مگر ڈی چوک پہنچ گیا۔ جبکہ حکومتی وزرا کو غیرذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ وزرا کو ایسا نہیں کہنا چاہیے کہ تصاویر دکھا دیں یا کچھ اور۔ وفاق کو بھی ملک بند نہیں کرنا چاہیے بلکہ بات کرنی چاہیے۔