جو بھی ہوگا ‘ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ا تشویشناک ہے
اسمبلی کل توڑنی ہے تو آج توڑ دیں، پھر دیکھیں گے یہ کیسے دوبارہ الیکشن جیت کر آتے ہیں :گورنر
پشاور (آئی این پی ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے گورنر راج حکومت خوشی سے نہیں لگاتی وہ آخری آپشن ہوتا ہے تاہم گورنر راج لگانے پروفاقی حکومت اور صدر کافی سوچیں گے۔ایک انٹرویو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوگا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، اور گورنر راج خوشی سے نہیں بلکہ بالکل آخری آپشن کے طور پر لگایا جاتا ہے۔گورنر کے پی نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کے پی کے کے ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور فاٹا و پاٹا کے پولیس اہلکار ہڑتال پر ہیں۔ حکومت کو پہلے اپنے صوبے کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پرامن مارچ کے لیے نہیں جا رہی، ماضی کا ریکارڈ بھی اتنا اچھا نہیں۔فیصل کریم نے سوال اٹھایا کہ "اپنے صوبے میں امن قائم نہیں کرسکتے اور کہتے ہیں اسلام آباد جانا ہے؟ اگر اسلام آباد پہنچ بھی جائیں تو کیا بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں گے؟۔انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں نے سزا دی ہے اور عدالتیں ہی انہیں رہا کریں گی۔