کولمبو: پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کی بنا پر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ لنکا پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے تھے، جہاں وہ کینڈی رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے۔شاہین نے کینڈی رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 6 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کے بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کیا۔چند روز قبل کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ میں شاہین اس وقت توجہ کا مرکز بنے تھے جب انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم انتظامی غلطی کے باعث ان کا نام آفیشل ٹیم شیٹ میں شامل نہ ہو سکا اور وہ میچ نہیں کھیل پائے۔بعد ازاں کینڈی رائلز انتظامیہ نے اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے اسے ٹیم کے تجزیہ کار کی انتظامی کوتاہی قرار دیا تھا، جس کے بعد شاہین نے دوبارہ ٹیم کی نمائندگی شروع کر دی تھی۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی حالیہ وطن واپسی کا تعلق اس سابقہ معاملے سے نہیں بلکہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث واپس آئے ہیں۔دوسری جانب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو شاہین دوبارہ ٹیم کو جوائن کر سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔