سوات: ضلع سوات کے علاقے کبل بازار میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس کی مدد سے حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کبل بازار میں اچانک زور دار دھماکا ہوتا ہے، جس کے بعد موقع پر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ جاتی ہے۔ دھماکے کے وقت بازار میں کافی رش موجود تھا۔تفتیشی حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کی مدد سے خودکش حملہ آور کی نقل و حرکت اور شناخت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ شام کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شہید ہو چکے ہیں۔واقعے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر تھانہ کبل کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق کبل چوک میں سہ پہر تقریباً 4 بجے ایک احتجاج جاری تھا، جبکہ شام 6 بج کر 4 منٹ پر تھانہ کبل کے مرکزی گیٹ پر دھماکا ہوا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔