برطانیہ میں پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد چوری میں اضافہ، روزانہ 2 لاکھ پاؤنڈ کا ایندھن ضائع ہونے لگا

برطانیہ میں پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد چوری میں اضافہ، روزانہ 2 لاکھ پاؤنڈ کا ایندھن ضائع ہونے لگا

 برطانیہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایندھن چوری کے واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں روزانہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول بغیر ادائیگی لے جائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں پیٹرول چوری کی مجموعی مالیت میں گزشتہ عرصے کے مقابلے میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکام اور پیٹرول ریٹیلرز کے مطابق ایندھن کی بڑھتی قیمتیں اس اضافے کی بڑی وجہ قرار دی جا رہی ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں دباؤ بڑھنے کے بعد برطانیہ میں پیٹرول کی قیمت میں 27 پنس فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 37 پنس فی لیٹر تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد کئی افراد نے ایندھن کی ادائیگی سے بچنے کے لیے غیر قانونی طریقے اختیار کرنا شروع کر دیے۔برطانوی میڈیا کے مطابق بعض ڈرائیور پٹرول پمپ پر اپنی گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کے بعد رقم ادا کیے بغیر وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں، جس سے پٹرول اسٹیشن مالکان کو روزانہ لاکھوں پاؤنڈ کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب برطانوی پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول پمپ کے عملے کے ساتھ بدسلوکی اور تنازعات کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا دباؤ صرف صارفین تک محدود نہیں بلکہ پٹرول اسٹیشنز پر کام کرنے والے ملازمین اور کاروباری افراد بھی اس کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، جنگی حالات اور سپلائی خدشات کے باعث ایندھن کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ممالک میں صارفین اور کاروباری ادارے مشکلات کا شکار ہیں۔