جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نٹنگ، سینکڑوں پرندے بازیاب ،نٹنگ گئر ضبط، زرد ممولے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے
لاہور(خصوصی رپورٹ)جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف رینجرز نے جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نیٹنگ اور نایاب پرندوں کی غیر قانونی تجارت کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں سینکڑوں زرد ممولے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے گئے۔ ترجمان کے مطابق لاہور میں کارروائی کے دوران جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے نٹنگ گئر اور متعدد جنگلی کبوتر بر آمد کر لیے گئے، جبکہ اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔دوسری کارروائی میں زرد ممولوں کی غیر قانونی تجارت کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی تجارت میں ملوث ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم وائلڈ لائف ٹیم نے سینکڑوں زرد ممولے تحویل میں لے کر انہیں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔وائلڈ لائف حکام نے واضح کیا کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار، نٹنگ اور تجارت قانوناً جرم ہے، جس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔