لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوں گے اور پی ٹی آئی اگر بائیکاٹ کرنا چاہتی تھی تو بیلٹ پیپر پر اپنا نام کیوں چھپوایا۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر سیاسی انتقام کی کوشش کی گئی، تاہم ن لیگ کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ انہیں ووٹ دے کر سینیٹ میں پہنچائیں۔وزیر اطلاعات نے گندم اور آٹے کی قیمتوں پر بھی وضاحت کی اور کہا کہ صوبے میں گندم کی کمی نہیں ہے، لیکن سیلاب جیسی آفات کے دوران بعض افراد نفع کے لیے گندم ذخیرہ کر رہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گندم تین ہزار اور روٹی چودہ روپے فی روٹی پر مقرر کی گئی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے خانیوال میں سرکاری گندم کے بہنے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی فوڈ اور متعلقہ عملہ معطل کر دیا گیا ہے، اور ایک ایک دانہ عوام کی امانت ہے۔انہوں نے صحافی طیب بلوچ پر ہونے والے حالیہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو فساد گروپ قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ ملک دشمن حرکتیں کر رہی ہے۔