اوکاڑہ:شوہر نے بیوی کو چھریاں ماردیں،پانچ سالہ بیٹی پر وحشیانہ تشدد

ملزم کی شناخت اعجاز کے نام سے ہوئی ، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شدید تشویش
اوکاڑہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تھانہ اے ڈویژن اوکاڑہ کے علاقے فیض آباد میں گھریلو تنازع کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر شوہر نے اپنی بیوی پر چھری سے حملہ کر دیا جبکہ اپنی پانچ سالہ کمسن بیٹی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اعجاز کے نام سے ہوئی ہے، جس نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی پانچ سالہ بیٹی پر تشدد کیا۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں مبینہ طور پر ملزم کمسن بچی پر تشدد کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں میں شدید تشویش پائی گئی۔واقعے کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ حلیمہ بی بی پر بھی چھری سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ ٹانگ پر زخم آنے سے زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اوکاڑہ منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ کی ہدایت پر تھانہ اے ڈویژن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اعجاز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او اوکاڑہ نے واضح کیا ہے کہ خواتین اور بچوں پر تشدد جیسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے مقدمات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔