سڑکیں بند ہونے کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا
مظفرآباد(آئی این پی ) شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں اتوار کو دوسرے مرحلے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر ووٹنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود متاثرہ سڑکیں مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے پیش آنے والی زحمت پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستانپیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں انتخابی بے ضابطگی کی باقاعدہ شکایات چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو بھجوا دی اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کیلئے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔بیان میںمزید کہا گیا کہ پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔