وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ریلوے مسافروں کیلئے ریلیف، کرایوں میں اضافہ روک دیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ریلوے مسافروں کیلئے ریلیف، کرایوں میں اضافہ روک دیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ریلوے کے مسافروں اور تاجروں کے لیے بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ٹرین کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

حالیہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، اور ذرائع کے مطابق اس اضافے کی وجہ سے کرایوں میں تقریباً 30 فیصد تک اضافہ ناگزیر سمجھا جا رہا تھا۔ تاہم وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ اکانومی، اے سی اور دیگر کلاسوں کے کرایے بلا تبدیلی رہیں گے تاکہ عوام پر مزید مالی بوجھ نہ پڑے۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات خود برداشت کیے جائیں گے، جس کے تحت 30 جون تک تقریباً 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت اٹھائے گی۔

اس کے علاوہ تاجروں کی سہولت کے لیے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جائے گا، جس سے کاروباری سرگرمیوں کو سہارا ملنے کی توقع ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں مہنگائی کی شدت کے باعث عوام کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، اور حکومت کے اس فیصلے کو ریلیف اور عوام دوست حکمتِ عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔