کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد شہریوں نے نایاب دہری قوسِ قزح کا نظارہ کیا، جس نے طوفانی موسم کے بعد دل موہ لینے والا منظر پیش کیا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق قوسِ قزح سورج کی روشنی کے فضا میں موجود نمی اور بارش کے قطرے سے ٹکرانے اور منعکس و منکسر ہونے سے بنتی ہے۔ دہری قوسِ قزح کا مطلب ہے کہ دو الگ الگ قوسیں ایک ساتھ ظاہر ہو رہی ہیں، جو شاذ و نادر ہی دیکھی جاتی ہیں۔سعدی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں شہریوں نے افق پر قوسِ قزح کے مکمل دائرے کا مشاہدہ کیا۔ شہریوں نے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور اسے طوفانی بارش کے بعد ایک خوش آئند اور سکون بخش لمحہ قرار دیا۔اس دوران شہر میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باوجود یہ منظر شہریوں کے لیے قدرتی خوبصورتی اور موسم کے چیلنجز کے درمیان ایک خوش آئند تجربہ ثابت ہوا۔