کمرشل پروازوں کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں حالیہ ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 329 روپے 17 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ یکم مارچ کو فی لیٹر قیمت صرف 188 روپے تھی۔ماہرین کے مطابق اس مسلسل اضافے کے نتیجے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے کرایے بڑھنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ایوی ایشن سیکٹر کے ذرائع نے بتایا کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مسافروں کو آنے والے دنوں میں مزید مہنگے فضائی سفر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مزید یہ کہ ایئرلائنز کو اپنے آپریشنل اخراجات کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوگا، کیونکہ فیول ایوی ایشن سیکٹر کے لیے سب سے بڑا خرچ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مسافروں پر مہنگائی کا دباؤ بھی بڑھے گا، جس کا اثر سیاحتی اور کاروباری شعبوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔