ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ کے خلاف ایک خاتون کی شکایت پر سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب ملزم نے خاتون کو صلح کے بہانے اپنے دواخانے بلایا۔ الزام ہے کہ اس دوران حکیم شہزاد نے خاتون کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اس کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی۔ مقدمہ میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتا ہے اور اس سے قبل بھی متنازع بیانات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں میں رہ چکا ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔