ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد شہریوں نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔ عوام کے مطابق پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی نے زندگی کو مشکل بنا دیا تھا اور اب اس اضافے نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزگار کمانا پہلے ہی مشکل تھا لیکن اب گھر کا نظام چلانا بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی مہنگی ہونا ناگزیر ہے۔
عوام نے شکایت کی ہے کہ تنخواہیں وہی ہیں جبکہ اخراجات دوگنے ہو چکے ہیں جس کے باعث عام آدمی بے بسی کی تصویر بن گیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ماہرین کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتا ہے جس کے اثرات معیشت کے تقریباً ہر شعبے پر پڑتے ہیں۔تاہم حکومت کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا۔