حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں اور سبسڈی پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خلیج میں جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کو مشکل لیکن ذمہ دارانہ فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کو ریلیف دینے کیلئے تین ماہ تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔ اس سہولت کے تحت موٹرسائیکل مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا جبکہ مجموعی طور پر 100 لیٹر کی حد مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جائے گی جو ایک مرتبہ فراہم کی جائے گی۔حکومت نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے بھی سبسڈی کا اعلان کیا ہے۔ مال بردار گاڑیوں کو ایک ماہ کیلئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی جبکہ ٹرک مالکان کو 70 ہزار روپے ماہانہ اور بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔

اسی طرح انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ کیلئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی جبکہ پبلک سروس بسوں کیلئے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی حکومت پاکستان ریلوے کو بھی سبسڈی فراہم کرے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سبسڈی کے اس فیصلے کا ایک ماہ بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔