مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مغربی علاقوں میں تشکیل پا رہا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے زیرِ اثر کوئٹہ، لورالائی، سبی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلی متوقع ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، باجوڑ، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو، کوہاٹ، چارسدہ، صوابی، کرم، پشاور، نوشہرہ اور مردان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بالاکوٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، کالام، سوات، دیر، چترال، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار (میانوالی، تلہ گنگ، اٹک، بھکر، سرگودھا اور چکوال) میں آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر تیز بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین موسمی معلومات سے آگاہ رہیں۔