پنجاب کے تعلیمی اداروں میںجمعہ کو آن لائن کلاسز ہوں گی

سکول جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے ‘ تدریس ہفتے میں 4 دن ہوگی:صوبائی وزیرتعلیم
لاہور(آئی این پی )صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے اسکولز، کالجز اور جامعات کو جمعہ کے روز آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے، جبکہ طلبا، اساتذہ اور والدین کے تعاون اور صبر کو سراہا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سکول جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے اور اس طرح تدریس ہفتے میں 4 دن ہوگی۔  نوٹیفکیشن کے مطابق جمعے کی چھٹی کا اطلاق سرکاری اور پرائیوٹ اسکولز دونوں پر ہی ہوگا۔