بلوچستان ‘ خیبرپختونخوا ‘سندھ میں شدید بارشیں‘35افراد جاں بحق‘77زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں  موسلادھار بارش،  کئی عمارتوں کے تہہ خانے پانی سے بھر گئے  گلی، محلے  اور سڑکیں ڈوب گئیں‘مختلف حادثات میں  5 افراد جاں بحق  ہوگئے
خیبر پختونخوا  اور بلوچستان میں  شدید بارشوں کے دوران  گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی‘مزید بارشوں کی پیش گوئی
پشاور،کوئٹہ‘کراچی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )خیبر پختونخوا  اور بلوچستان میں   بارشوں  و سیلاب کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت دیگر واقعات میں خواتین و بچوں سمیت 30افراد جاں بحق جبکہ 77 افراد زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپی کے میں  جاں بحق افراد میں 18 بچے، 2 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 88 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 71 گھروں کو جزوی جبکہ 17 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ،پھلوں کے باغات کو نقصان پہنچا ۔  رپورٹس کے  مطابق کوئٹہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث سیب، خوبانی، چیری، بادام، انجیر، آلوچے اور انار کے باغات کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ  ہرنائی، چمن، قلات، سوراب اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح موسلادھار بارش کے بعد وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مختلف حادثات میں  پانچافراد جاں بحق اور   3 زخمی ہوگئے، جس کے پیشِ نظر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔بارش سے گلیاں، محلے  اور سڑکیں زیرِ آب آگئیں ‘شہری پانی میں پھنس گئے‘ گھر وں تک پہنچنا محال ہوگیا ۔