خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، جاں بحق افراد کی تعداد 45ہوگئی

مجموعی طور پر 442 گھروں کو نقصان ، 382 گھر جزوی ، 60 گھر مکمل طور پر منہدم ،105 افراد زخمی ہوئے:پی ڈی ایم اے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختون خوا میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 45 افراد جاں بحق جبکہ 105 افراد زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات سے متعلق اب تک کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 23 بچے، 17 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 16 خواتین اور 44 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 442 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 382 گھروں کو جزوی جبکہ 60 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں, ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان روانہ کر دیا گیا جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔