پاکستان تحریک انصاف کا 9اپریل کو راولپنڈی میں جلسہ کرنے کافیصلہ

پوری قوم باہر نکلے‘جلسہ سے روکنے کی کوشش کی گئی  توجہاں  روکا جائے گا وہاں پر جلسہ کریں گے
پاکستانیوں نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے مگر یہ عوام کوبھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں:سہیل آفریدی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے 9اپریل کو راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کردیا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 9اپریل کو پی ٹی آئی کی حکومت کو سازش کرکے گرایا گیا تھا،پنڈی میں جلسے کیلئے تمام آئینی اور قانونی راستے اپنائیں گے تاہم اگر جلسے سے روکنے کی کوشش کی توجہاں پر روکا جائے گا وہاں پر جلسہ کریں گے۔جمعرات کو خیبر پختونخوا ہائوس میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان اور رکن قومی اسمبلی شاہد خان کے  ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ وفاقی حکومت کے ساتھ تین چار میٹنگز ہوئی ہیں اور اس میں خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام کا مقدمہ رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ جعلی حکومت ہمیں ہمارا حق این ایف سی میں حصہ نہیں دے رہی ہے جو آج تک 1ہزار 375ارب روپے سے زیادہ بنتا ہے اور آج تک خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کو اس کا حصہ نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس تاریخ کو پوری قوم نے نکلنا ہے  انہوں نے کہا پاکستانیوں نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے مگر یہ عوام کوبھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں انہوں نے کہاکہ جو ججز انصاف نہیں کر رہے ہیں ان کو اپنے گریبان میں خود دیکھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مجھے ڈرایا نہیں جاسکتا ہے یہ کرسیاں ہمارا مقصد نہیں ہے میرا مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت اور ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہے۔