پنجاب میں تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانے اور ڈرامائی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پنجاب اسمبلی نے نیا پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ منظور کرلیا۔
بل صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیش کیا۔نئے قانون کی منظوری پر شوبز اور تھیٹر سے وابستہ فنکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تھیٹر کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ اداکارہ دیدار ملتانی کا کہنا ہے کہ نئے ایکٹ سے تھیٹر ڈراموں میں بہتری آئے گی اور معیاری پرفارمنسز کو فروغ ملے گا۔اداکارہ مناہل خان نے بھی نئے قانون کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اداکارہ غیر اخلاقی پرفارمنسز نہیں کرنا چاہتی۔ ان کے مطابق فنکاروں کو ایسا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جہاں وہ عزت اور وقار کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کرسکیں۔
دوسری جانب معروف کوریوگرافر ضمیر عباس کالو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی گلوکاروں کے ان گیتوں پر بھی تھیٹر میں پرفارمنسز کی اجازت دی جائے جو انہوں نے بھارتی فلموں کے لیے گائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی فنکاروں اور گلوکاروں کے کام کو بھی مناسب مواقع ملنے چاہئیں۔فنکاروں کا کہنا ہے کہ نئے ڈراما ایکٹ کے نفاذ سے تھیٹر میں پیش کیے جانے والے ڈراموں کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی بہتر اور معیاری تفریح فراہم ہونے کی توقع ہے۔