آئندہ بجٹ کی تیاری کے لیے آئی ایم ایف ٹیم کل سے پاکستان پہنچے گی

آئندہ بجٹ کی تیاری کے لیے آئی ایم ایف ٹیم کل سے پاکستان پہنچے گی

اسلام آباد:آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیم کل سے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے حکام کے ساتھ آئندہ ٹیکس، ریونیو اقدامات اور اخراجات پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔ اس کے علاوہ، وفد ترقیاتی اخراجات کے بجٹ پر بھی مذاکرات کرے گا۔پاکستان کے آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا، اور بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر تجاویز تیار کرے گی۔ وزارت خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں بڑے اضافے کا تخمینہ لگاتے ہوئے نئے مالی سال کے لیے ٹیکس محصولات کا ہدف 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر کیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2 ہزار 300 ارب روپے اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی ٹیکس محصولات 9 ہزار 311 ارب روپے رہیں، تاہم آئندہ مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا تخمینہ 6 ہزار 570 ارب روپے ہے۔ اس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا ہدف 5 ہزار 512 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔آئی ایم ایف کا دورہ پاکستان کے اقتصادی اہداف اور حکومتی اقدامات کی پختگی کو جانچنے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، اور اس دورے کا مقصد آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے عمل کو درست سمت میں آگے بڑھانا ہے۔