"کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی" کی واپسی، ایکتا کپور کا بڑا اعلان

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور پروڈیوسر ایکتا کپور نے اپنے تاریخی ڈرامے ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کو دوبارہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس ڈرامے کی مرکزی جوڑی اسمرتی ایرانی اور امار اپادھیائے ایک بار پھر اپنے مشہور کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ ڈرامہ پہلی بار 2000ء میں نشر ہوا تھا اور 8 سال تک ٹیلی ویژن اسکرین پر راج کرتا رہا۔ اس کی کہانی گجرات کے ایک بڑے اور امیر خاندان کے گرد گھومتی ہے، جہاں تُلسی ایک مثالی بہو کے کردار میں جلوہ گر ہوتی ہے۔یہ نیا پراجیکٹ محدود اقساط پر مشتمل ہوگا، اور پروڈکشن ٹیم نے مکمل تفصیلات کو راز میں رکھا ہے۔ اسمرتی ایرانی اپنے تُلسی کے مشہور کردار کو دوبارہ نبھانے کے لیے سرگرم ہیں، جبکہ امار اپادھیائے نے دوسرے ڈرامے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے تاکہ وہ اس پراجیکٹ میں شامل ہو سکیں۔

سیریز کا آغاز اسی مشہور سین سے ہوگا جس میں تُلسی خاندان کا تعارف کرواتی ہیں، اور یہ سین بالکل اصل لوکیشن پر فلمایا جائے گا۔ ایکتا کپور نے اس پراجیکٹ کے حوالے سے جون 2025ء میں باضابطہ اعلان کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔یہ خبر بھارتی ڈرامہ کے مداحوں کے لیے خوشی کی بات ہے، کیونکہ ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ بھارت کے سب سے کامیاب ڈراموں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی واپسی نیا جوش و جذبہ پیدا کر رہی ہے۔