بندونگ: انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا کے دارالحکومت بندونگ میں ایک پل کے افتتاح کے دوران اس کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے باعث تقریب میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افتتاحی تقریب کے دوران جیسے ہی ربن کاٹا گیا، پل کا ایک حصہ اچانک ٹوٹ کر نیچے جاگرا۔پل کا حصہ منہدم ہوتے ہی تقریب کا ماحول یکدم خوفناک صورتحال میں تبدیل ہوگیا، جبکہ وہاں موجود متعدد شہری توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نیچے موجود نالے میں جاگرے۔رپورٹس کے مطابق حادثے کے باوجود خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے پل کے منہدم ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔حکام کی جانب سے پل کی تعمیر، ساخت اور حفاظتی انتظامات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ سامنے آسکے۔
بھارت میں بھی پل منہدم ہونے کا واقعہ
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع کومارم بھیم آصف آباد کے وانکیدی علاقے میں ہائی وے پر تعمیراتی کام کے دوران پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا تھا۔ اس واقعے نے بھی تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی اقدامات اور معیارِ تعمیر سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔