راولپنڈی: کہوٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے معذور شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث گھریلو ملازم اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ روپے نقد، طلائی زیورات، موبائل فون، مسروقہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے کے مدعی نے گھریلو ملازم اور اس کی اہلیہ کو اپنے فارم ہاؤس پر کام کاج کے لیے رکھا تھا جبکہ انہیں اپنے گھر میں رہائش بھی فراہم کی گئی تھی۔مدعی مقدمہ کے مطابق گھریلو ملازم نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر گھر میں واردات کی۔ دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر مدعی کی اہلیہ کو باندھا اور گھر سے نقدی، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر کہوٹہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کیے گئے، جن کی مدد سے دونوں ملزمان کو ٹریس کرکے حراست میں لے لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والی رقم، زیورات، موبائل فون، پستول اور موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واردات کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ڈکیتی کی واردات اور دیگر ممکنہ جرائم کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔