لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے شکارپور روڈ سکھر پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کے ذریعے بلوچستان سے سندھ منشیات اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ایمبولینس کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی مجموعی طور پر 49.400 کلوگرام منشیات بر آمد کی گئی، جس میں 36 کلوگرام چرس اور 13.400 کلوگرام آئس شامل ہے۔ کارروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ کے اہم کارندے لیاقت علی، سکنہ شکارپور، کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات بلوچستان سے سندھ منتقل کی جا رہی تھیں۔ اے این ایف کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو اطلاع ملی تھی کہ اسمگلرز ایمبولینس کی آڑ میں منشیات کی بڑی کھیپ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر مسلسل نگرانی کے بعد کارروائی کی گئی۔ گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ ایمبولینس جیسی ہنگامی سروس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ کارروائی منشیات کے خلاف فورس کے عزم کی عکاس ہے۔