لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن شالیمار ذیشان خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سابقہ ریکارڈ یافتہ پیشہ ور موبائل سنیچر و جیب تراش گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان گلیوں، بازاروں اور شاہراہوں پر شہریوں کو سنیچنگ اور جیب تراشی کے ذریعے قیمتی اشیاء سے محروم کرتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں سنیچنگ کے متعدد مقدمات بھی ٹریس کیے گئے۔ ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن غلام دستگیر خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے شالیمار انویسٹی گیشن پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔