مہنگائی پھر بے لگام ، شہری پریشان

 مہنگائی دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں داخل ،اگست میں مہنگائی سالانہ بنیاد پر بڑھی، پیاز، انڈے، آلو اور سبزیاں مزید مہنگی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں مہنگائی دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہوگئی، اگست 2026 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.15 فیصد تک پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.2 فیصد تھی، جبکہ اگست 2025 میں یہ شرح 3.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی کے مقابلے میں اگست 2026 کے دوران مہنگائی میں 1.19 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 1.60 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 0.91 فیصد بڑھی۔ اگست میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 12.22 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 10.43 فیصد رہی۔ وزارت خزانہ نے اگست کے لیے مہنگائی کی شرح 10 سے 11 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم اصل شرح اس اندازے سے بھی زیادہ رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق اگست میں شہروں میں پیاز 45.8 فیصد اور انڈے 11.51 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ ایک ماہ کے دوران آلو 6.8 فیصد اور سبزیاں 5.5 فیصد مہنگی ہوئیں۔ اسی طرح گندم کی قیمت میں 5.2 فیصد اور دالوں کی قیمت میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق موٹر فیول 5.6 فیصد، واٹر سپلائی 4.1 فیصد جبکہ بجلی کے چارجز میں 1.17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔