ظفروال(نمائندہ دنیا ) شہر اور گردونواح میں گراں فروشی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، جس نے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ انتظامیہ منافع خوروں کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہی ہے۔ظفروال میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے (ریٹ لسٹ) محض دکانوں کی زینت بن کر رہ گئے ہیں۔ مارکیٹ میں پھل فروش سرکاری قیمتوں کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنی من مانی قیمتوں پر پھل فروخت کر رہے ہیں۔ قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس سے عام آدمی کے لیے رمضان المبارک میں پھل خریدنا ایک خواب بن گیا۔بازار میں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔دکانداروں سے سرکاری ریٹ کا پوچھیں تو وہ پھل دینے سے انکار کر دیتے ہیں۔ انتظامیہ کی یہ خاموشی منافع خوروں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہی ہے۔