ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرانے والا موٹرسائیکل سوار دم توڑ گیا

 سلطان الحق نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار زین کو روکا تو ٹکر ہو گئی سروسز ہسپتال میں 5دن بعد چل بسا
لاہور (کرائم رپورٹر) شادمان میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کی ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکر کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شہری پانچ روز تک سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق 26 اگست کو شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے شادمان مارکیٹ یوٹرن پر ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹرسائیکل سوار رکنے کے بجائے آگے نکلنے کی کوشش میں ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹرسائیکل سوار زین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹریفک اسسٹنٹ کو طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا تھا جبکہ زین سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ ترجمان کے مطابق زین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور نے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔