لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے اسسٹنٹ رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹیز اور پنجاب پولیس میں اسسٹنٹ کی اسامیوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے حکومت پنجاب کے دو محکموں، محکمہ کوآپریٹوز اور محکمہ مال، کے تحریری نتائج اور محکمہ پولیس کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ کوآپریٹوز میں لیڈی اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کی ایک اسامی کے لیے پانچ امیدوار تحریری امتحان میں کامیابی کے بعد نفسیاتی جائزے اور انٹرویو کے لیے عارضی طور پر اہل قرار پائے ہیں۔اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کی 29 اسامیوں کے لیے 131 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ مال کے تحت ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس لاہور میں جونیئر کلرک کی 60 اسامیوں کے لیے تحریری، ٹائپنگکے امتحان میں مجموعی طور پر 151 امیدوار انٹرویو کے لیے عارضی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے محکمہ پولیس میں اسسٹنٹ کی 48 اسامیوں کا حتمی نتیجہ بھی جاری کر دیا ہے اور تمام 48 اسامیوں پر امیدواروں کی تقرری کے لیے سفارش کر دی گئی ہے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق تحریری نتائج میں کامیاب قرار پانے والے امیدواروں کے نفسیاتی جائزے اور انٹرویو کے لیے کال لیٹرز کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔