اسلام آباد(آئی این پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام پاکستان پارٹی کی فہرست سے اخراج کے خلاف شاہد خاقان عباسی کی اپیل کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عوام پاکستان پارٹی کی فہرست سے اخراج کے خلاف شاہد خاقان کی اپیل پر سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے اپیل پر سماعت کی۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے 7جنوری کو 60روز میں انٹراپارٹی الیکشن کا حکم دیا، اسی مدت میں پارٹی الیکشن کروا کر ریکارڈ جمع کرایا تھا، پارٹی کے آئین میں تبدیلی سے متعلق کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔الیکشن کمیشن نے ہمیں بغیر سنے فیصلہ دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آپ ہمارے فیصلے کے خلاف کوئی ریکارڈ جمع کرانا چاہیں تو کرا دیں،الیکشن کمیشن نے اپیل کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔