جہاں الیکشن چوری ہو گا وہاں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا، ہمیں آئین پر عمل کرنا ہو گا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ عوام پاکستان پارٹی اور شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رول آف لاء کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔تھنک فیسٹیول 2025 کے آخری روز شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جہاں الیکشن چوری ہو گا وہاں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا، ہمیں آئین پر عمل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں رول آف لاء نہیں ہو گا وہ ترقی نہیں کر سکتا میں، میں ماضی کی سب غلطیوں کا اعتراف کرتا ہوں،35 سال اس نظام میں گزارے ہیں، بغیر پڑھے آئینی ترمیم ہو گئی ہے، آئین غیر متوازن ہو گیا۔سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ فوج کو آئینی حدود میں رہنا پڑے گا، جب فوج آئینی حدود سے باہر آتی ہے ملک کا نقصان ہوتا ہے، لیکن فوج کبھی بھی سیاست دان کے بغیر آئینی حدود سے باہر نہیں آتی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 16 سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے پی میں 11 سال سے حکومت کر رہی ہے اور( ن) لیگ کئی سال سے اقتدار میں ہے لیکن کسی نے صحت ، تعلیم یا انفراسٹرکچر جیسے مسائل کو حل نہیں کیا، یہ ناکامی کی ایک لمبی داستان ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بھی 2018 میں اپنی طاقت سے نہیں جیتے اس حقیقت کو ماننا چاہیے، اس لیے ہمیں ماضی بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے اور ملک کے بڑوں کو مل کر حل نکالنا پڑے گا، سیاست دانوں کو ملک بچانے کے لیے بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔