شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت، پراسیکیوشن سے مقدمے کا ریکارڈ طلب

لاہور(آئی این پی )جناح ہائوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی  رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی اپنے والد کی ضمانت کی پیروی کیلئے  عدالت پہنچیں، جبکہ شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست ضمانت کی سماعت آئندہ کارروائی تک ملتوی کر دی۔