پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کیلئے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے: ڈی جی خان کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
لاہو(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا حب بنانا ہے، پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لئے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے۔وزیر اعلی پنجاب سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے، وزیراعلی مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین پیش کیا‘اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا حب بنانا ہے۔ پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں سے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔