وزیراعلیٰ سے ڈاکٹر حسنات کی ملاقات پنجاب کو دنیا میں میڈیکل ٹورازم کا ہب بنانا چاہتے ہیں مریم نواز

     وزیراعلی نے ڈاکٹر حسنات کو جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ڈین مقرر ہونے پر مبارکباد دی‘نو تعمیر شدہ کارڈیالوجی سے متعلق انتظامی امور پر تبادلہ خیال
 انگلینڈ سے پاکستان آکر ہم وطنوں کی خدمت کے جذبے پر خراجِ تحسین ، خوشی ہے پاک دھرتی کے سپوت نے  غریب ہم وطنوں کی خدمت کا راستہ چن لیا:وزیراعلی
وزیراعلی پنجاب نے اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم پورٹل کا افتتاح کر دیا‘  مریم نواز کا بلوچستان کے طلبا کیلئے وظائف کا اعلان،وزیر اعلی سرفراز بگٹی کا اظہار تشکر
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے معروف برطانوی نژاد پاکستانی ڈاکٹر حسنات خان نے ملاقات کی اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی  میں ڈین کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انگلینڈ سے پاکستان آکر ہم وطنوں کی خدمت کے جذبے پر خراجِ تحسین کیا۔ ملاقات میں نو تعمیر شدہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے متعلق انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بہترین ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ خوشی ہے پاک دھرتی کے سپوت نے اپنے غریب ہم وطنوں کی خدمت کا راستہ چن لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب ہی نہیں پاکستان کے ہر فرد کو امراض دل کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ پنجاب کو دنیا میں میڈیکل ٹورازم کا ہب بنانا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم پورٹل کا افتتاح کر دیا۔  منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں بے زمین دیہاتیوں کو تقریبا 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی، حکومتی حکمتِ عملی کے مطابق اراضی کی نشاندہی پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کر سکیں۔پہلے مرحلے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13,812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88,780 خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ چولستان کے علاقے میں 16,685 لاٹس مختص کی گئی ہیں جن سے 101,111 خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا، مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمین فراہم کی جا رہی ہے۔حکومت کے مطابق سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی کاشت کیلئے دی جائے گی، جبکہ آبادکاری کیلئے فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی ون ٹائم گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی‘نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نے بلوچستان کے مستحق اور باصلاحیت طلبہکیلئے   460 تعلیمی وظائف کا اعلان کر دیا ہے تاکہ مالی مشکلات تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔حکومت پنجاب کے اعلامیے کے مطابق تعلیمی سال 26-2025 کے لیے انٹرمیڈیٹ، گریجویشن اور ایم ایس ایم فل کے وہ تمام طلبہ جن کے پاس بلوچستان کا ڈومیسائل ہے وہ اس اسکالر شپ کے لئے  اہل ہیں۔وظائف  کیلئے   درخواستیں بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے ذریعے طلب کی گئی ہیں، جن کا ہدف خصوصا کم آمدن والے اور مستحق طلبہ ہیں تاکہ وہ معیاری تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کر سکیں۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے