700 نامزدگیوں میں ٹاپ فائیو میں جگہ، پاکستان اور پنجاب کے لیے اعزاز
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026ء کی تین مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ ہو کر عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق 60 سے زائد ممالک کی 700 سے زائد نامزدگیوں میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے تین کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنائی ہے۔ سیف سٹی کا الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز سینٹر فرانزک ٹیکنالوجی کے عالمی ایوارڈ کے لیے پانچ بہترین نامزدگیوں میں شامل ہے، جبکہ میرا پیارا سینٹر پولیسنگ میں بہترین عوامی خدمات کے ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ ہوا ہے۔ اسی طرح سیف سٹی کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر فرحان علی کو خصوصی افراد کے لیے بہترین کارکردگی کی کیٹیگری میں ٹاپ فائیو میں شامل کیا گیا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس کے مطابق تین عالمی کیٹیگریز میں شارٹ لسٹنگ پاکستان اور پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سیف سٹی کی پذیرائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وڑن کی عکاس ہے۔