سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز

40 سرکاری سکولوں شروع ،فیز 2کی افتتاحی تقریب ،بچوں کو فری لنچ باکس تقسیم کئے گئے
لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب فوڈاتھارٹی نے 40 سرکاری سکولوں میں سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کر دیا، وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ،ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید اور ڈی جی سول سروسز نے سول سروسز اکیڈمی والٹن میں سکول نیوٹریشن پروگرام فیز 2 کا افتتاح کیا۔40 پرائمری سکولوں میں بچوں کی پری اور پوسٹ سکریننگ کرکے صحت کے مطابق A، B، C یا D کیٹیگری میں تقسیم کیا جائے گا،پروگرام کے تحت طلبہ کو فری ہیلدی لنچ باکس فراہم کیے جائینگے، 80 لاکھ طلباو طالبات کو ‘‘فوڈ چیمپیئنز’’بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے خطاب میں کہا 135 زیر تربیت سول سروسز افسر سکول نیوٹریشن پروگرام فیز 2 کے ایمبیسڈر نامزد کیے جارہے ہیں، 40فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکار، 28 فیصد ویسٹنگ اور 30فیصد بچوں کا قد عمر کے لحاظ سے کم ہے، فوڈ اتھارٹی نے تاریخ ساز آپریشن کیا، غذائی دہشتگرد رنگے ہاتھوں گرفتار کیے گئے،دودھ کے نام پر فروخت ہونیوالا1لاکھ 8 ہزار لٹر سفید لیکوئڈ تلف، جعلی دودھ بنانے والی 6 گاڑیاں اور تمام تر مشینری ضبط کی گئی۔سلمیٰ بٹ نے کہا غذائی قلت سے ہمارے بچے متاثر ہوتے ہیں، پڑھائی اور صحت کو نقصان پہنچ رہا ہے، کم وسائل کیساتھ یہ پروگرام کامیابی سے جاری تھا اور اب فیز 2 بھی شاندار اقدام ہے، ڈی جی سول سروسز نے کہا عوامی خدمت اور بہتر مینجمنٹ اولین ترجیح بنائیں، سکول نیوٹریشن پروگرام کا پیغام آگے پھیلائیں، ہر بچے کو صحتمند بنانا ہوگا۔