صاف ستھرا پنجاب کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا

 نواحی گائوں میں گندگی کے ڈھیروں تعفن، اہل دیہہ کااحتجاج
چیچہ وطنی (خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام صاف ستھرا پنجاب کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا ، نواحی گائوں 182/9-Lمیں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے اہل دیہہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جگہ جگہ بڑے گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے بد بو اور تعفن پھیل رہا ہے، اہل دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ متعلقہ انتظامیہ کو بار بار آگاہ کرنے کے باوجود گائوں میں صاف ستھرا پنجاب پروگرام میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ، صاف ستھرا کی ٹیم گائوں میں آتی ہے تو صرف چند سیاسی نمائندہ افراد کے گھروں کے باہر کی صفائی کرکے واپس لوٹ جاتی ہے باقی پورے گائوں میں گندگی پھیلی رہتی ہے ، ہم نے کمشنر ساہیوال ، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور اسسٹنٹ کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن تاحال اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا ئی جا سکی، اہل دیہہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔