وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے جعلی انقلابیوں کو اگر انقلاب لانے کا شوق تھا تو اب انہیں اپنے مقدمات کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس نہ صرف کچے کے ڈاکوؤں کو پکڑ رہی ہے بلکہ پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس کسی بے گناہ کو تنگ نہیں کرتی اور کسی ریکارڈ یافتہ مجرم کو نہیں چھوڑتی۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا سب سے بڑا معیار یہی ہے کہ ان کا ڈنڈا بہت تگڑا ہے اور اب صوبے میں سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیوں یا جھوٹے مقدمات کا کوئی سلسلہ نہیں چل رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی حکومت میں پنجاب پولیس غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہو کر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے اور شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی میں شامل تھے، وہ اب سیاسی لبادہ اوڑھ کر خود کو نہیں چھپا سکتے۔