شارجہ: افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف شارجہ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے راشد خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کارکردگی کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔راشد خان نے صرف 98 میچز میں 165 وکٹیں حاصل کی ہیں اور یوں انہوں نے نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 126 میچز میں 164 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اپنی پہلی کامیابی درج کروائی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 150 رنز ہی بنا سکی۔
سہ ملکی سیریز کا چوتھا میچ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرچکا ہے اور فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔