افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ایسا تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے جو اس سے قبل دنیا کا کوئی بولر حاصل نہیں کرسکا۔
راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق راشد خان نے یہ تاریخی سنگ میل جمعرات 29 اکتوبر کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں عبور کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے اوپننگ بیٹر تادیواناشے مارومانی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹ حاصل کی۔راشد خان نے یہ کارنامہ اپنے 120ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ مختصر ترین انٹرنیشنل فارمیٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے مرد بولر بن گئے ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ راشد خان نے 2015 میں اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز بھی زمبابوے ہی کے خلاف کیا تھا۔ یوں تقریباً 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف انہوں نے اپنے کیریئر کا ایک اور یادگار باب رقم کردیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں
راشد خان 200 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ دیگر نمایاں بولرز میں ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی راشد خان کا راج
راشد خان کی کامیابیاں صرف انٹرنیشنل کرکٹ تک محدود نہیں بلکہ مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی وہ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ وہ انٹرنیشنل اور مختلف ڈومیسٹک و فرنچائز ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں مجموعی طور پر 551 میچز کھیل کر 742 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوین براوو 631 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
افغانستان کی زمبابوے کے خلاف سیریز میں کامیابی
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی مشکلات کے باوجود 221 رنز بنائے۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 116 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی، جبکہ اعجاز احمدزئی نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز بنا سکی اور افغانستان نے یہ مقابلہ 19 رنز سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔