بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست کے باوجود انفرادی کارکردگی کی بدولت دو اہم اعزاز اپنے نام کرلیے۔
ارشدیپ سنگھ مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے بھارتی بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ سنگ میل 103 میچز میں عبور کیا اور تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔اس فہرست میں افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا سرفہرست ہیں، جنہوں نے 92، 92 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔گیندوں کی تعداد کے اعتبار سے ونندو ہسارنگا 2035 گیندوں پر 150 وکٹیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ راشد خان نے 2098 اور ارشدیپ سنگھ نے 2143 گیندوں میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
ارشدیپ سنگھ نے ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے کیلنڈر سال 2026 کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 40 وکٹیں حاصل کرکے فل ممبر ممالک کے بولرز میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے فاسٹ بولر جوشوا لٹل کے پاس تھا، جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں 39 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ارشدیپ نے 40 وکٹوں کے ساتھ ان کا ریکارڈ توڑ دیا۔