افغانستان میں شدید زلزلہ800افراد جاں بحق‘3000زخمی‘کئی دیہات ملیا میٹ

 زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرزمین تھا، جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی‘ زیادہ جانی نقصان نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں ہوا
 زلزلے کے بعد  پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے ‘پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں: وزیر اعظم شہباز شریف

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صوبہ کنڑ میں رات گئے آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی۔  800 افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے‘افغان میڈیا طلوع نیوز کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرِ زمین تھا، جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے بعد مزید پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان رہی۔ سب سے زیادہ جانی نقصان نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں ہوا، جہاں کئی گاؤں مکمل طور پر مٹی تلے دب گئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی سیکڑوں لوگ ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو ننگرہار ریجنل ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔اسلامی امارتِ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تمام حکام کو ہدایت دی ہے کہ متاثرین کی جانیں بچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے افغانستان اور پاکستان کے مختلف حصوں میں آنے والے حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔